اپسٹمولوجسٹ: غلام رَسول وَلایتی
بیسویں صدی کی تیسری دہائی میں مغربی فلسفے کے افق پر ایک ایسی فکری تحریک نے جنم لیا جس نے انسانی علم کی حدود کو ازسرِنو متعین کرنے اور صدیوں پر محیط مابعد الطبیعیاتی، مذہبی اور اخلاقی ورثے کو ذہنی خرافات (Cognitive Nonsense) قرار دے کر فلسفے کی بستی سے بے دخل کرنے کا عزم کیا۔ تاریخِ فلسفہ میں یہ تحریک "منطقی اثباتیت" (Logical Positivism) یا "منطقی تجربیت" (Logical Empiricism) کے نام سے موسوم ہوئی۔ اس کا فکری مرکز آسٹریا کا دارالحکومت ویانا تھا، جہاں مورٹز شلک (Moritz Schlick)، روڈولف کارنیپ (Rudolf Carnap)، اوٹو نیوراتھ (Otto Neurath) اور ہانس رائخن باخ (Hans Reichenbach) جیسے مفکرین نے "ویانا سرکل" (Vienna Circle) کے نام سے ایک باقاعدہ علمی حلقہ تشکیل دیا، جبکہ برطانیہ میں اے جے آئر (A. J. Ayer) اس مکتبِ فکر کے سب سے مؤثر اور مقبول ترجمان بن کر ابھرے۔ طبیعی سائنس کی حیرت انگیز مادی پیش رفت اور نئی علامتی منطق (Symbolic Logic) کی موشگافیوں سے متاثر ہو کر ان مفکرین نے علم و زبان کی معنویت پر ایک ایسا کڑا پہرہ بٹھایا جس کی اساس "اصولِ تصدیق" (Verification Principle) پر استوار تھی۔
اصولِ تصدیق کا مرکزی مقدمہ یہ تھا کہ انسانی زبان کا کوئی بھی دعویٰ یا قضیہ علمی و ادراکی طور پر بامعنی (Cognitively Meaningful) صرف دو صورتوں میں ہو سکتا ہے: اولاً یہ کہ وہ منطق یا ریاضی کے اصولوں کی مانند ایک تحلیلی قضیہ (Analytic Statement) ہو، جس کی صداقت محض اس کے الفاظ کے معانی اور تعریفات کے تجزیے سے مبرہن ہو جائے مثلاً "ہر غیر شادی شدہ مرد کنوارا ہے" یا "مثلث کے تین زاویے ہوتے ہیں"؛ ایسے قضایا ہمیں خارجی دنیا کے بارے میں کوئی نئی اطلاع نہیں دیتے بلکہ محض ہمارے لسانی و منطقی قواعد کی وضاحت کرتے ہیں۔ ثانیاً یہ کہ وہ ایک ترکیبی قضیہ (Synthetic Statement) ہو، جس کی سچائی یا کذب کو حواسِ خمسہ کے ذریعے تجربی مشاہدے (Empirical Observation) سے پرکھا اور ثابت کیا جا سکے مثلاً "پانی سو ڈگری سینٹی گریڈ پر ابلتا ہے" یا "اس کمرے میں ایک میز رکھی ہے"۔ اس دو شاخہ کسوٹی کو فلسفے کی اصطلاح میں اٹھارویں صدی کے معروف متشکک مفکر ڈیوڈ ہیوم کے اصول "ہیوم کا کانٹا" (Hume's Fork) کی جدید ترین شکل قرار دیا جاتا ہے، جس کے مطابق اگر کوئی تصنیف تجریدی ریاضی یا تجربی مشاہدات پر مشتمل نہ ہو تو اسے نذرِ آتش کر دینا چاہیے کیونکہ اس میں فریب اور واہمے کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔
اس خود ساختہ میزان کو ہاتھ میں لے کر منطقی اثباتیوں نے یہ فتویٰ صادر کیا کہ چونکہ خالقِ کائنات کے وجود، وحیِ الٰہی، نبوت و رسالت، روح کی بقا، حیاتِ بعد الموت، اور حتیٰ کہ خیر و شر کی اخلاقی اقدار و جمالیاتی حقائق کو نہ تو محض منطقی تعریف سے ثابت کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی تجربہ گاہ میں حسی مشاہدے کے ذریعے ان کی تصدیق ممکن ہے، لہٰذا یہ تمام بیانات نہ سچے ہیں اور نہ جھوٹے، بلکہ سرے سے "مہمل اور بے معنی" (Meaningless) ہیں۔ ان کے نزدیک جب کوئی انسان یہ کہتا ہے کہ "کائنات کا ایک خالق ہے" یا "کسی معصوم کا قتل ظلم ہے"، تو وہ دراصل کسی خارجی حقیقت کی خبر نہیں دے رہا ہوتا، بلکہ محض اپنے داخلی جذبات، خوف، امید یا پسند و ناپسند کا اظہار کر رہا ہوتا ہے جسے اخلاقی فلسفے میں "جذباتیت" (Emotivism) یا "واہ واہ اور توبہ توبہ کا نظریہ" (Boo-Hurrah Theory) کہا جاتا ہے۔ یوں منطقی اثباتیت نے مابعد الطبیعیات کے انکار کو محض ایک فکری اختلاف کے بجائے ایک لسانی و منطقی فیصلے کے طور پر پیش کر کے مذہب اور اخلاقیات کو سنجیدہ علمی مکالمے سے خارج کرنے کی کوشش کی، اور یہ دعویٰ کیا کہ فلسفے کا کام کائنات کی حقیقت تلاش کرنا نہیں بلکہ محض سائنسی زبان کے قواعد کی تطہیر کرنا ہے۔
تاہم، علمیات (Epistemology) کی تاریخ کا یہ مسلّمہ اصول ہے کہ جو فکری نظام انسانی ادراک کے ذرائع کو غیر فطری طور پر مقید کرتا ہے، وہ بیرونی تنقید سے قبل ہی اپنے داخلی تضادات کے بوجھ تلے دب کر منہدم ہو جاتا ہے۔ منطقی اثباتیت کے ساتھ بھی عین یہی علمیاتی المیہ پیش آیا، جہاں اس کا اپنا وضع کردہ "اصولِ تصدیق" خود اس کے وجود کے لیے مہلک ثابت ہوا۔ بیسویں صدی کے جید فلسفیوں اور علمیات کے ناقدین نے جب اس تحریک کے بنیادی مقدمات کا ساختی اور منطقی تجزیہ کیا تو اس کے بطون سے یکے بعد دیگرے ایسے ناقابلِ حل تضادات برآمد ہوئے جنہوں نے اس کی پوری فکری عمارت کو بنیادوں سے متزلزل کر دیا۔
اس نظام کا اولین اور بنیادی ترین تضاد اس کی "خود تردیدی" (Self-Refutation) تھی۔ ناقدین نے یہ سوال اٹھایا کہ خود اصولِ تصدیق کا یہ مرکزی بیان کہ "صرف تحلیلی یا تجربی طور پر قابلِ تصدیق قضایا ہی بامعنی ہوتے ہیں"، ان دونوں میں سے کس زمرے میں آتا ہے؟ ظاہر ہے کہ یہ بیان نہ تو کوئی ریاضیاتی مساوات یا محض لفظی تعریف (Analytic) ہے، کیونکہ "بامعنی ہونے" کے تصور میں یہ بات ازخود شامل نہیں کہ وہ لازماً حسی تجربے سے ثابت ہو، اور صدیوں سے انسانیت مابعد الطبیعیاتی اور اخلاقی جملوں کو بامعنی سمجھتی چلی آئی ہے؛ اور نہ ہی دنیا کی کسی تجربہ گاہ میں حواسِ خمسہ کے مشاہدے سے اس اصول کی تصدیق (Empirical Verification) ممکن ہے، کیونکہ "معنویت" کوئی مادی شے نہیں جسے خوردبین، دوربین یا ترازو سے ناپا جا سکے۔ چنانچہ خود اصولِ تصدیق کے اپنے ہی پیمانے کی رو سے، اصولِ تصدیق خود ایک "بے معنی اور لغو" دعویٰ قرار پایا اور اس نے اپنی ہی تلوار سے اپنا سر قلم کر لیا۔ جب اے جے آئر اور روڈولف کارنیپ نے اس قاتل اعتراض سے بچنے کے لیے یہ دفاعی موقف اختیار کیا کہ اصولِ تصدیق کوئی تجربی دعویٰ نہیں بلکہ محض ایک لسانی تجویز یا اصطلاحی تعریف (Linguistic Stipulation) ہے کہ ہم لفظ "بامعنی" کو کس طرح برتیں گے، تو ناقدین نے فوراً اس دفاع کی کمزوری کو بے نقاب کر دیا؛ اگر یہ محض ایک من مانی لسانی تجویز ہے تو کسی بھی مابعد الطبیعیات دان یا مذہبی مفکر پر اس تجویز کو قبول کرنے کی کوئی عقلی یا منطقی پابندی عائد نہیں ہوتی، اور یوں یہ اصول اپنی آفاقی حجیت سے محروم ہو کر محض ایک گروہی تعصب بن کر رہ گیا۔
اس تحریک کا دوسرا بڑا علمیاتی بحران خود سائنس کے آفاقی قوانین (Universal Laws of Science) کا اس کسوٹی کی زد میں آ جانا تھا۔ طبیعی سائنس کے تمام بنیادی قوانین مثلاً کششِ ثقل کا قانون، بقائے مادہ و توانائی کا اصول، یا یہ کلیہ کہ "تمام دھاتیں حرارت پانے پر پھیلتی ہیں" کلی اور ہمہ گیر دعوے ہوتے ہیں جن کا اطلاق ماضی، حال اور مستقبل کے تمام ممکنہ افراد پر ہوتا ہے، جبکہ انسانی حواس اور تجربہ گاہ کا مشاہدہ ہمیشہ جزئی، مقید اور محدود رہتا ہے۔ ہم نے ماضی کے تمام دور دراز سیاروں اور مستقبل میں آنے والے تمام ادوار کے دھاتی ذرات کا حسی مشاہدہ نہیں کیا، اور نہ ہی لامحدود تجربات کرنا انسانی بساط میں ہے۔ چنانچہ قطعی حسی تصدیق (Strong Verification) کی کسوٹی پر تو خود سائنس کے آفاقی قوانین بھی "بے معنی" قرار پانے لگے، کیونکہ مستقبل میں ہونے والے لامحدود تجربات کی پیشگی حسی تصدیق ناممکن تھی۔ گویا جس تجربی سائنس کو بچانے اور علم کا واحد معیار بنانے کے لیے منطقی اثباتیوں نے مذہب اور مابعد الطبیعیات کو قربان کیا تھا، خود وہی سائنس ان کی اپنی کسوٹی کی بھینٹ چڑھ گئی۔
تیسرا بڑا علمیاتی تضاد "تاریخی حقائق اور دیگر اذہان (Other Minds)" کے مسئلے کی صورت میں ابھرا۔ چونکہ ماضی کے تاریخی واقعات گزر چکے ہیں اور آج ان کا براہِ راست حسی مشاہدہ ممکن نہیں رہا، اس لیے اصولِ تصدیق کی رو سے تمام انسانی تاریخ خواہ وہ قدیم تہذیبوں کا عروج و زوال ہو یا گزشتہ کل پیش آنے والا کوئی واقعہ ایک غیر علمی اور بے معنی قصہ قرار پائی؛ کیونکہ ماضی کے کسی واقعے کے موجودہ آثار کا مشاہدہ تو کیا جا سکتا ہے، مگر خود گزرے ہوئے لمحے کی براہِ راست حسی تصدیق ناممکن ہے۔ اسی طرح کسی دوسرے انسان کے باطنی شعور، درد، محبت، خوف یا ارادے کو بھی حواسِ خمسہ سے براہِ راست نہیں پرکھا جا سکتا؛ ہم کسی شخص کے چہرے کے تاثرات، آنسوؤں یا دماغی خلیوں کی برقی حرکت کا مشاہدہ تو کر سکتے ہیں، مگر اس کے باطنی احساس کا حسی ادراک ناممکن ہے، جس کے نتیجے میں دوسرے انسانوں کے ذی شعور ہونے کا دعویٰ بھی غیر علمی ٹھہرا اور یہ فلسفہ انسان کو "انانیتِ محض" (Solipsism) یعنی اس تنہائی میں دھکیل دیتا ہے جہاں انسان اپنے سوا کسی اور کے شعور کو ثابت نہیں کر سکتا۔
جب اے جے آئر نے اپنی مشہور کتاب Language, Truth and Logic کے دوسرے ایڈیشن (1946ء) میں اس ہمہ گیر بحران سے نکلنے کے لیے "کمزور تصدیق" (Weak Verification) کا ترمیم شدہ اصول پیش کیا جس کے مطابق کسی دعوے کے بامعنی ہونے کے لیے قطعی ثبوت ضروری نہیں، بلکہ محض اتنا کافی ہے کہ کوئی حسی مشاہدہ اس کے سچ یا جھوٹ ہونے کے احتمال (Probability) کو کم یا زیادہ کر سکے تو یہ ترمیم اس قدر لچکدار ثابت ہوئی کہ اس کے دروازے سے خود مابعد الطبیعیاتی اور مذہبی دعوے بھی دوبارہ "بامعنی" بن کر داخل ہونے لگے، کیونکہ کائنات میں کارفرما نظم و ضبط، توازن، پیچیدہ قوانین اور غایت مندی کے حسی مشاہدات خالقِ حکیم کے وجود کے احتمال پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ مزید برآں، بیسویں صدی کے معروف ریاضی دان اور منطق دان الونزو چرچ (Alonzo Church) نے 1949ء میں خالص علامتی منطق (Symbolic Logic) کے ذریعے یہ مبرہن کر دیا کہ آئر کا وضع کردہ "کمزور تصدیق" کا ضابطہ منطقی اعتبار سے اس قدر غیر منضبط اور ناقص ہے کہ اس کی رو سے دنیا کا کوئی بھی مہمل اور بے معنی جملہ بھی مثلاً "مطلق عدم سو رہا ہے" منطقی جوڑ توڑ کے ذریعے بامعنی قرار پاتا ہے۔ یوں اصولِ تصدیق کی اصلاح کی ہر کوشش نے اسے مزید تضادات کی دلدل میں دھکیل دیا اور ویانا سرکل کے مفکرین خود اپنے ہی بنائے ہوئے جال میں الجھ کر رہ گئے۔
چوتھا سنگین تضاد "اخلاقیات و اقدار کی معروضیت کا انہدام" تھا۔ منطقی اثباتیت کی رو سے یہ کہنا کہ "کسی بے گناہ کا قتل اخلاقی طور پر قبیح ہے" یا "انصاف، سچائی اور ایثار اعلیٰ انسانی اقدار ہیں"، کوئی علمی، معروضی یا سچا دعویٰ نہیں بلکہ محض متکلم کے ذاتی جذبات کا اظہار تھا؛ گویا کسی مظلوم کی فریاد اور کسی ظالم کے جرم میں اخلاقی صداقت کے اعتبار سے کوئی معروضی فرق باقی نہ رہا، اور اخلاقی بحث محض ذاتی ذوق کے اختلاف (جیسے کسی کو میٹھا پسند ہو اور کسی کو نمکین) کے درجے پر آ گری۔ یہ موقف انسانی تہذیب، قانون، عدل اور سماجی نظم کی اخلاقی اساس کو جڑ سے منہدم کرنے کے مترادف تھا، کیونکہ جب اخلاقی اقدار کا کوئی معروضی وجود ہی تسلیم نہ کیا جائے تو ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور انصاف قائم کرنے کی کوئی عقلی دلیل باقی نہیں رہتی۔
بیسویں صدی کے وسط تک پہنچتے پہنچتے خود مغربی فلسفے کے مرکزی دھارے سے اٹھنے والی تنقیدی لہروں نے منطقی اثباتیت کے اس حصار کو مکمل طور پر منہدم کر دیا۔ سب سے پہلے مشہور فلسفیِ سائنس کارل پوپر (Karl Popper) نے اصولِ تصدیق پر کاری ضرب لگاتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ سائنسی نظریات کبھی حتمی طور پر "تصدیق" (Verify) نہیں کیے جا سکتے، بلکہ سائنس اور غیر سائنس کے درمیان اصل حدِ فاصل "ابطال پذیری" (Falsification) ہے یعنی کوئی نظریہ اس وقت سائنسی کہلاتا ہے جب یہ بتایا جا سکے کہ کون سا ممکنہ تجربی مشاہدہ اسے غلط ثابت کر سکتا ہے۔ پوپر نے یہ بھی واضح کیا کہ مابعد الطبیعیات کو بے معنی قرار دینا سراسر غیر علمی رویہ ہے کیونکہ مابعد الطبیعیاتی دعوے ابطال پذیر نہ ہونے کے باوجود مکمل طور پر بامعنی ہوتے ہیں، اور خود سائنسی تحقیق کی جڑوں میں بھی مابعد الطبیعیاتی مفروضات—جیسے قانونِ علیت اور کائنات کی یکسانیت پر اعتقاد کارفرما رہتے ہیں، نیز تاریخِ سائنس گواہ ہے کہ کل کے مابعد الطبیعیاتی تصورات (جیسے ایٹم کا قدیم فلسفیانہ نظریہ) آج کی تجربی سائنس بنے۔ اگرچہ بعد ازاں خود پوپر کا اصولِ ابطال بھی ڈوہم-کوائن تھیسس (Duhem-Quine Thesis) کی زد میں آ کر محدود ہو گیا، جس نے واضح کیا کہ کسی سائنسی تجربے کی ناکامی پر یہ طے کرنا قطعی طور پر ممکن نہیں ہوتا کہ اصل نظریہ غلط ہے یا اس سے وابستہ معاون مفروضات (Auxiliary Hypotheses) اور آلاتِ مشاہدہ میں کوئی نقص ہے مگر اس پوری بحث نے تجربی سائنس کی مطلقیت اور حتمیت کے دعووں کو مزید کمزور کر دیا۔
اس کے بعد امریکی فلسفی ولارڈ وین اورمین کوائن (W. V. O. Quine) نے 1951ء میں اپنے تاریخی مقالے "Two Dogmas of Empiricism" میں تحلیلی اور ترکیبی قضایا (Analytic vs. Synthetic) کی اس مصنوعی تفریق کو ہی باطل قرار دے دیا جس پر منطقی اثباتیت کی پوری عمارت استوار تھی۔ کوائن نے یہ واضح کیا کہ انسانی علم الگ الگ حسی تجربات کا مجموعہ نہیں بلکہ عقائد و تصورات کا ایک باہم پیوستہ جال (Web of Belief) ہے جس میں کسی بھی تجربے کو پورے فکری نظام کی روشنی میں پرکھا جاتا ہے، اور کوئی بھی دعویٰ تنہا حسی تجربے کے سامنے پیش نہیں ہوتا۔ ادھر تھامس کوہن (Thomas Kuhn) نے اپنی شہرۂ آفاق کتاب The Structure of Scientific Revolutions (1962ء) میں سائنسی انقلابات کی تاریخ کے تجزیے سے یہ ثابت کر دیا کہ خود سائنس بھی کسی خالص، غیر جانبدار اور جامد حسی مشاہدے کی پیداوار نہیں بلکہ انسانی تصورات، تاریخی تناظر اور بدلتے ہوئے "پیراڈائمز" (Paradigms) کے تابع ہے، اور جب ایک سائنسی پیراڈائم بدلتا ہے تو سائنس دانوں کے دیکھنے، پرکھنے اور دلیل قبول کرنے کے پیمانے ہی بدل جاتے ہیں۔ اس ہمہ جہت علمیاتی شکست کا انجام یہ ہوا کہ 1978ء میں معروف مفکر برائن میگی (Bryan Magee) کے ساتھ بی بی سی کے ایک ٹیلی ویژن مکالمے کے دوران خود منطقی اثباتیت کے سب سے بڑے علمبردار اے جے آئر (A. J. Ayer) کو برملا یہ اعتراف کرنا پڑا کہ "اس تحریک کا سب سے بنیادی نقص یہ تھا کہ اس کا تقریباً ہر مرکزی دعویٰ غلط تھا"۔
یوں مغربی فلسفے کی تاریخ میں منطقی اثباتیت اور اصولِ تصدیق کا یہ باب ایک ناکام علمیاتی تجربے کے طور پر متروک ہو کر دفن ہو گیا۔ تاہم، عصرِ حاضر کا ایک عجیب فکری تضاد یہ ہے کہ جس فلسفیانہ نظریے کو مغرب کے سنجیدہ علمی و فلسفیانہ حلقے نصف صدی قبل خود تردیدی اور داخلی تضادات کی بنا پر مسترد کر چکے ہیں، آج ہمارے خطے کے سطحی ملحدین اور نیم خواندہ سائنس پرست حلقے اسی متروک اصولِ تصدیق کو "سائنسی طرزِ فکر" کا لبادہ اوڑھا کر وحی، نبوت، معجزات اور مابعد الطبیعیات کے انکار کی بنیاد بناتے ہیں۔ یہ طبقہ اس بنیادی علمیاتی فرق کو نظر انداز کر دیتا ہے کہ سائنسی تحقیق کا دائرۂ کار محض مادی اسباب و مظاہر کے مطالعے تک محدود ہے، جسے فلسفۂ سائنس میں "منہجی فطرت پرستی" (Methodological Naturalism) کہا جاتا ہے؛ یعنی سائنس دان اپنے پیشہ ورانہ دائرے میں صرف مادی اسباب تلاش کرتا ہے، مگر اس فنی و محدود طریقِ کار کو پوری کائنات کی واحد حقیقت قرار دے کر "فلسفیانہ مادیت" (Philosophical Naturalism) یا "سائنس پرستی" (Scientism) کا جامہ پہنا دینا کوئی سائنسی دریافت نہیں بلکہ ایک ایسا متروک اور خود تردیدی کا شکار علمیاتی موقف ہے جو خود اپنے ہی وضع کردہ اصولوں کی کسوٹی پر پورا نہیں اترتا۔ علمیات (Epistemology) کا گہرا ادراک رکھنے والا طالب علم اس مغالطے کو پہلی ہی نظر میں پہچان لیتا ہے کہ جس طرح خوردبین سے ستاروں کا مشاہدہ نہیں کیا جا سکتا، اسی طرح محض مادی آلات سے ماورائے مادہ حقائق کا انکار کرنا آلے کی محدودیت کو حقیقت کی نفی سمجھنے کی فاش غلطی ہے۔ درحقیقت، انسانی علم کی عمارت صرف حواسِ خمسہ کی اینٹوں پر نہیں بلکہ عقلِ سلیم کے بدیہیات، خبرِ صادق کے تواتر، وجدان کی روشنی اور وحیِ الٰہی کی ہدایت کے باہمی امتزاج سے استوار ہوتی ہے، اور اسی جامع و متوازن علمیاتی بصیرت میں عصرِ حاضر کے فکری انتشار کا حقیقی علاج مضمر ہے۔
تبصرے