اسلامک اپسٹمولوجسٹ: غلامرَسول وَلایتی
حقیقتِ علم اور حدودِ ادراک: الحادی و اثباتی استدلال کا تنقیدی مطالعہ، حوزہ و مدارس کے تناظر میں اس کی ناگزیریت
انسانی تاریخ کے ہر موڑ پر بشر نے کائنات کے سربستہ اسرار، اپنی ذات کی نہاں حقیقت اور ماورائے حواس حقائق کو تسخیر کرنے کی سعیِ پیہم کی ہے، مگر علمیات (Epistemology) فلسفے کا وہ عمیق، نازک اور بنیاد ساز دبستان ہے جو خود "جاننے کے عمل" کو میزانِ عدل پر لا کھڑا کرتا ہے۔ جہاں دیگر تمام علوم خواہ وہ طبیعیات کی نکتہ آفرینیاں ہوں یا تاریخ کے اوراقِ پارینہ، فقہ و اصول کے دقیق استنباطات ہوں یا نفسیات کی تہہ داریاں، کسی نہ کسی خارجی یا داخلی مظہر سے متعلق معلومات کے انبار فراہم کرتے ہیں، وہاں علمیات خود اس "معلومات" کے جواز کو کٹہرے میں کھڑا کر کے ان تمام بنیادی اور جوہری سوالات کی نقاب کشائی کرتی ہے جن پر پورے انسانی علم کی عمارت استوار ہے: اولاً یہ کہ خود "علم" کی ماہیت کیا ہے، اور محض ایک ذہنی گمان، اندھی تقلید یا سرابِ اعتقاد (Belief) اور یقینی، مستند و مبرہن علم (Knowledge) کے درمیان حدِ فاصل کیا ہے؟ ثانیاً یہ کہ انسان تک رسائی پانے والے ذرائعِ ادراک یعنی حواسِ خمسہ کی شہادتیں، عقل کا منطقی استدلال، علمِ حضوری و وجدان کی لطافت، اور خبرِ صادق یا وحیِ الٰہی کی حجیت، کس قدر ثقہ ہیں اور ان میں سے ہر ایک کا دائرۂ کار کہاں تک محیط ہے؟ ثالثاً یہ کہ کسی دعوے کو سچ ماننے کی حتمی کسوٹی اور معیارِ جواز (Justification) کیا ہے؛ آیا صداقت کا پیمانہ خارجی حقیقت سے مطابقت (Correspondence) ہے، عقائد و افکار کے پورے نظام کی داخلی ہم آہنگی (Coherence) ہے یا محض عملی افادیت (Pragmatism)؟ اور رابعاً یہ کہ انسانی ادراک کی آخری سرحد کہاں جا کر رکتی ہے، مطلق سچائی تک رسائی کس حد تک ممکن ہے، اور وہ کون سے مقامات ہیں جہاں انسانی عقل کو اپنی محدودیت اور تشکیک کی فریب کاریوں کا ادراک کرنا لازم آتا ہے؟ درحقیقت علمیات علم کا وہ مصفّا و مجلّا آئینہ ہے جس میں انسان خود اپنی قوتِ مدرکہ کے خدوخال دیکھتا اور اپنے فہم کی بنیادوں کو استحکام بخشتا ہے۔
جب کسی انسان کے باطن میں علمیات کا یہ چراغ روشن ہو جاتا ہے تو اس کے دیکھنے، سوچنے اور پرکھنے کا پورا آہنگ بدل جاتا ہے، اور اس کی فکر میں وہ صلابت، گہرائی اور خود مختاری جنم لیتی ہے جو اسے عصرِ حاضر کے بے لگام معلومات کے طوفان (Information Overload) اور فکری انارکی میں بہہ جانے سے محفوظ رکھتی ہے۔ ایک سطحی اور عامیانہ ذہن کسی بھی نظریے، کتاب، تقریر یا مناظرے کے ظاہری نتائج، الفاظ کی چکاچوند، مقرر کے جاہ و جلال یا لمبی داڑھی اور سر پہ موجود ایک بڑی پگڑی کا تقدس یا عوامی مقبولیت کے سحر میں گرفتار ہو جاتا ہے؛ لیکن علمیات کا رمز شناس، سطحی نگاہی کے پردوں کو چاک کرتے ہوئے، ہر فکر و سخن کے بطون میں کارفرما مخفی "مقدمات" (Premises) اور "منہجِ استدلال" (Methodology) کے قلعوں پر کمند ڈالتا ہے۔ جب وہ کسی کتاب کے اوراقِ زرّیں پلٹتا ہے تو محض ایک مقلّد قاری کی طرح مصنف کی ہر سطر کو صحیفۂ آسمانی یا وحیِ منزل سمجھ کر اپنے لوحِ ذہن پر نقش نہیں کرتا؛ بلکہ وہ ایک زیرک نقّاد اور نباضِ افکار کی حیثیت سے قلم کار کے نہاں خانۂ دل میں چھپے فکری تعصبات، اس کے استنادی مآخذ کی ثقاہت، اس کے تصوراتی مغالطوں اور اس کے سلسلۂ استدلال کی شکستہ و کمزور کڑیوں کا نہایت موشگافانہ اورعمیق محاسبہ کرتا ہے۔ اسی طرح روزمرہ کے مکالمات اور پُرشکوہ علمی و فکری محفلوں میں وہ محض خطابت کے طمطراق، الفاظ کی جادوگری اور بلند بانگ دعووں کی گرج چمک سے مرعوب نہیں ہوتا، بلکہ اس کی بصیرت کی تیز دھار، پَل بھر میں دعوے کے طنطنہ اور دلیل کے فقر کے درمیان حائل وسیع خلیج کو چیر کر رکھ دیتی ہے؛ وہ لمحوں میں یہ جوہری امتیاز قائم کر لیتا ہے کہ متکلم کے لبوں سے ادا ہونے والا بیان آفتابِ مشاہدہ کی کرن ہے، میزانِ منطق کا خالص استنباط ہے، یا پھر محض نفسانی خواہشات اور گروہی مفادات کا ایک خوشنما، فریب دہ غلاف۔ مناظرات اور فکری معرکوں میں بھی اس کی نگاہ محض لفظی غلبے، فریقِ مخالف کو زچ کرنے یا شور شرابے پر نہیں ٹکتی، بلکہ وہ مکالمے کے آغاز ہی میں "معیارِعلم" متعین کرتا ہے، کیونکہ وہ اس حقیقت سے آشنا ہوتا ہے کہ جب تک فریقین کے ہاں دلیل کی کسوٹی مشترک نہ ہو، ہر بحث صحرا میں اذان دینے کے مترادف ہے۔
اس علمیاتی بصیرت کا سب سے عظیم ثمر وہ "فکری خود مختاری" ہے جس کے بعد انسان جدید الحاد، حسیت پسندی (Empiricism)، سائنس پرستی (Scientism) اور منطقی اثباتیت (Logical Positivism) کے کھوکھلے اور پُر فریب نعروں کے سامنے سرنگوں ہونے کے بجائے ان کے فکری قلعوں کو مسمار کرنے کی قدرت حاصل کر لیتا ہے۔ دورِ حاضر کے جدید ملحدین اور مادی مفکرین نے علم کی دنیا میں جو علمیاتی دہشت گردی برپا کر رکھی ہے، علمیات کا شناسا فرد اس کے ایک ایک مغالطے کا پوسٹ مارٹم کر کے رکھ دیتا ہے۔ ان کا پہلا اور بنیادی فریب "حسیت پسندی اور منطقی اثباتیت" (Empiricism & Logical Positivism) کا وہ خود ساختہ اصول ہے جس کے تحت وہ یہ اعلان کرتے ہیں کہ علم کا واحد معتبر ذریعہ صرف حواسِ خمسہ کا تجربہ اور تجربہ گاہ کی تصدیق (Verification Principle) ہے، اور جو شے مادے اور پیمائش کے پیمانے پر پوری نہ اترے جیسے ذاتِ باری تعالیٰ، وحی، روح اور اخلاقی اقدار وہ سرے سے مہمل اور بے معنی ہے؛ حالانکہ علمیات کا طالب علم فوراً ان کی گردن پکڑ کر یہ سوال داغتا ہے کہ "خود تمہارا یہ اصول کہ صرف حسی تجربہ ہی علم کا واحد معیار ہے، کس خوردبین یا کس تجربہ گاہ میں ثابت ہوا ہے؟" چونکہ یہ اصول خود کسی حسی تجربے سے ثابت نہیں، اس لیے یہ اپنی ہی تلوار سے اپنا گلا کاٹ کر خود تردیدی (Self-Refutation) کی موت مر جاتا ہے۔
ان کا دوسرا بڑا مغالطہ "سائنس پرستی" (Scientism) ہے، جس کے ذریعے وہ سائنس کو علم کا ایک جزوی ذریعہ ماننے کے بجائے "کل علم" اور "واحد نجات دہندہ" بنا کر پیش کرتے ہیں، حالانکہ سائنس خود اپنے وجود، اپنے قوانین کی یکسانیت اور ریاضیاتی اصولوں کی صداقت کے لیے فلسفہ اور علمیات کی محتاج ہے؛ سائنس یہ تو بتا سکتی ہے کہ زہر جسم میں جا کر کیا کیمیائی عمل کرتا ہے، مگر یہ بتانا کہ کسی بے گناہ کو زہر دینا اخلاقی جرم ہے، سائنس کے دائرۂ کار سے قطعی باہر ہے۔ ان کا تیسرا فریب "عدمِ وجدان کو عدمِ وجود" (Argument from Ignorance) قرار دینا ہے، جس کے تحت وہ یہ شوشہ چھوڑتے ہیں کہ چونکہ خالقِ کائنات اور مابعد الطبیعیاتی حقائق مادی آلات کی گرفت میں نہیں آتے، اس لیے ان کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں، حالانکہ یہ استدلال بالکل ایسا ہی ہے جیسے کوئی شخص مچھلی پکڑنے کے جال کا سوراخ دو انچ رکھے اور سمندر میں جال پھینکنے کے بعد یہ اعلان کر دے کہ اس سمندر میں دو انچ سے چھوٹی کوئی مخلوق سرے سے پائی ہی نہیں جاتی! ان کا چوتھا مغالطہ "منہجی فطرت پرستی" (Methodological Naturalism) کو زبردستی "فلسفیانہ مادیت" (Philosophical Naturalism) کا جامہ پہنانا ہے، یعنی سائنسی تحقیق کی اس فنی مجبوری کو کہ وہ صرف مادی اسباب کا مطالعہ کر سکتی ہے، اس کائناتی عقیدے میں بدل دینا کہ کائنات میں مادے کے سوا کچھ ہے ہی نہیں۔ اور ان کا پانچواں فریب "تخفیفیت پسندی" (Reductionism) ہے، جہاں انسانی شعور، ارادے کی آزادی، ایثار اور وجدان کو محض دماغی خلیوں کی برقی رو اور کیمیائی تعاملات تک محدود کر کے انسان کو ایک بے روح حیوانی مشین ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ علمیات کا ماہر ان تمام الحادی و اثباتی مغالطوں کے طلسم کو پاش پاش کر کے رکھ دیتا ہے اور ہر علم کو اس کے حقیقی دائرہ کار میں مقید کر دیتا ہے۔
دینی مدارس کے طلاب کے لیے علمیاتی شعور
دینی مدارس و حوزاتِ علمیہ کے جواں سال اور ذی استعداد طلبہ کے لیے علمیات کا یہ شعور نہ صرف بیرونی محاذ پر جدید الحاد و اثباتیت کے حملوں کا توڑ ہے، بلکہ داخلی محاذ پر جاری فرقہ وارانہ شور و غوغا، سطحی مناظرہ بازی، سفسطی افکار و تصورات اور بے جا تکفیری و تفسیقی ہنگامہ آرائی سے نجات کا بھی سب سے بڑا نسخۂ کیمیا ہے۔ اگرچہ دینی مدارس کے روایتی نصاب میں منطق، حکمت و فلسفہ، اصولِ فقہ اور علمِ کلام کے مباحث مثلاً بدیہیاتِ اولیہ، حجیتِ قطع، خبرِ واحد، تواتر، استقرا، امارات و اصولِ عملیہ اور عقل و نقل کے باہمی ربط کی دقیق بحثیں دراصل اسلامی علمیات ہی کے درخشاں اور تابناک ابواب ہیں، لیکن جدید دور کے فکری فتنوں اور چیلنجز کا رخ یکسر بدل چکا ہے۔ آج الحاد، حسیت پسندی اور تشکیک کا تیر براہِ راست قرآن و سنت کی کسی جزئی یا فرعی بحث پر نہیں چلتا، بلکہ اس کی کمان خالصتاً جدید علمیات کے اصولوں پر تانی گئی ہے، جہاں وحی، نبوت اور مابعد الطبیعیات کو سرے سے "غیر علمی" کہہ کر خارج از بحث کر دیا گیا ہے۔ چنانچہ علمیات کی کلید سے محروم طالب علم جب اس میدان میں قدم رکھتا ہے تو وہ فرعی دلائل اور جزئی اشکالات کی بھول بھلیوں میں الجھ کر رہ جاتا ہے، جبکہ علمیات کے اسرار سے واقف طالب علم فریقِ مخالف کے ان بنیادی مقدمات ہی کے داخلی تضاد کو طشت از بام کر کے اس کی پوری عمارت کو بنیادوں سے منہدم کر دیتا ہے۔ مزید برآں، جدید مغربی علمیات کی اصطلاحات اور اسالیب پر عبور دینی طالب علم کو یہ ملکہ بخشتا ہے کہ وہ اصولِ فقہ، فلسفہ اور علمِ کلام کے عظیم علمی ورثے کو عصرِ حاضر کی زبان اور اسلوب میں ڈھال کر پوری دنیا کے سامنے پورے اعتماد کے ساتھ پیش کر سکے۔ اس علم کی برکت سے داخلی سطح پر بھی طلبہ کے فہمِ نصوص میں غیر معمولی پختگی اور اعتدال پیدا ہوتا ہے؛ وہ فروعی اختلافات کو اصولی عقائد کا درجہ دینے، ذاتی اجتہادات کو وحیِ الٰہی سمجھنے اور مخالف مسلک کے خلاف جذباتی نعرے بازی مچانے کے مرض سے باہر نکل آتے ہیں۔ جب طالب علم علمیات کی روشنی میں "قطعیات اور ظنیات" کے مراتب، "نص اور فہمِ نص" کے جوہری فرق، "دلالت کی قطعیت و ظنیت" اور "انسانی ادراک کی حدود" کو سمجھ لیتا ہے، تو اس کے اندر وہ علمی وقار اور اعتدال پیدا ہوتا ہے جو بے جا تکفیر، فتویٰ بازی اور مسلکی تعصب کی آگ کو بجھا کر سنجیدہ اور مدلل علمی مکالمے کی فضا ہموار کرتا ہے۔ الغرض، جس طرح بغیر زرہ بکتر کے جدید ترین اسلحے سے لیس میدانِ کارزار میں اترنا خودکشی کے مترادف ہے، اسی طرح جدید علمیات کی گہری تفہیم کے بغیر آج کے فکری و نظریاتی محاذ پر اترنا اپنے ایمان، استدلال اور علمی وقار سب کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہے؛ وقت کا تقاضا ہے کہ دینی علوم کے فرزندان اس ہتھیار سے مسلح ہو کر اٹھیں اور امت کی فکری قیادت کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لیں۔
تبصرے